طورخم بارڈر آمدورفت اور تجارت کیلئے 9 روز بعد کھل گیا


 خیبر(صباح نیوز)افغانستان کی جانب سے اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کے بعد طورخم بارڈر 9 روز بعد آمدورفت اور تجارت کیلئے  کھول دیا گیا۔ افغانستان سے دو گاڑیاں پاکستان داخل ہوگئی ہیں، آمدورفت کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے، طور خم بارڈر کے دونوں جانب سے گیٹ کھلنے سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔

واضح رہے کہ افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے پاکستانی ناظم الامور سے ملاقات میں افغان سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کراتے ہوئے بارڈر کھولنے کی درخواست کی تھی جس پر پاکستان کی جانب سے بارڈر کھولنے پر غور کیا گیا، طورخم بارڈر 9 روز بند رہنے سے تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہو کر رہ گئی تھیں۔