پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر کی طرح پشاور، مردان، دیر بالا، چترال، ایبٹ آباد، چارسدہ، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبرپختونخوا کے اضلاع میں بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں اور مہنگائی میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ اس سلسلے میں المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کردہ بیان میں امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ کام چلا سرکار نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب عوام کے ہوش اڑا دیے ہیں۔ کام چلا حکومت بھی پی ڈی ایم حکومت کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا بدترین طوفان آئے گا۔ عوام بدترین مہنگائی پر پی ڈی ایم کو رو رہے تھے، اب نگران حکومت نے بھی ان کے مسائل بڑھا دیے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اسلام آباد میں صرف چہرے بدل رہے ہیں نظام اور پالیسیاں وہی ظالمانہ ہیں۔ اپنی عیاشیوں کے لیے آئی ایم ایف سے سود پر قرضے لیکر سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ تسلیم نہیں کرتے، قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی ترجمان ہے، عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے، عوام بھی جماعت اسلامی پر اعتماد کریں۔ انتخابات میں آئی ایم ایف کے غلاموں اور حقوق سلب کرنے والوں کو شکست دیں۔
جماعت اسلامی عوام کے مسائل حل کرے گی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پشاور کے تین مقامات کوہاٹی گیٹ، سپین جماعت اور بخشی پل پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن کی قیادت سراج الدین قریشی، خالد گل مہمند، طاہر زمین اور مقامی ذمہ داران نے کی۔ مقررین نے قیمتوں میں اضافے کو مسترد کیا اور حکومت سے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ دیر بالا کے براول بازار میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے نائب امیر عنایت اللہ خان کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ عنایت اللہ خان نے کہا کہ نگران حکومت 7 مہینوں کے لیے آئی ہے، ان کا ایجنڈا انتخابات میں تاخیر نہیں بلکہ مہنگائی میں اضافہ کرنا ہے۔ یہی صورتحال رہی تو تیل کی قیمت 500 روپے لیٹر تک جائے گی۔ حکومت لوگوں کو خچروں، گھوڑوں اور سائیکلوں پر سفر کرنے پر مجبور کررہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ تیل کے ساتھ ساتھ بجلی بھی مہنگی مل رہی ہے۔ غریبوں کو بھاری بل تھما دیے جاتے ہیں۔ ہمارے صوبے کی کم قیمت بجلی ہمیں پچاس روپے فی یونٹ کے حساب سے دی جا رہی ہے، یہ ظلم ہے۔ انھوں نے عوام پر زور دیا کہ اپنے مسائل کے حل کے لیے باہر نکلیں، جو بھی ذریعہ میسر ہو اس کو استعمال کرتے ہوئے حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف احتجاج کریں۔ جب تک احتجاج نہیں کریں گے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ایبٹ آباد میں بھی ضلعی امیر عبدالرزاق عباسی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرین نے حکومتی پالیسیوں اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف نعرے بازی کی۔ اسی سلسلے میں چترال لوئر میں امیر ضلع قاری جمشید احمد اور سابق ڈسٹرکٹ ناظم حاجی مغفرت شاہ کی قیادت میں اتالیق بازار میں مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔
مقررین نے کہا کہ حکمرانوں کی عوامی مسائل اورمہنگائی سے لاتعلقی بے حسی کی بدترین مثال ہے۔ تیل کی قیمتوں میں ناروا اور ظالمانہ اضافہ قبول نہیں۔ اضافہ واپس لیا جائے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں اور مہنگائی میں اضافے کے خلاف باجوڑ میں ضلعی امیر صاحبزادہ ہارون الرشید، حاجی سردار خان، قاری عبدالمجید اور مولانا وحید گل کی قیادت میں مظاہرہ ہوا۔ چارسدہ میں امیر ضلع شاہ حسین اور صدر جے آئی یوتھ فواد احمد جان، مردان میں حاجی غلام رسول، سوات میں حمید الحق، کرک میں مولانا تسلیم اقبال اور مولانا محبوب جنان، لوئر کرم میں حاجی سلیم اورکزئی، حکمت خان حکمتیار، ملک لال اکبر اور نبی گل مفکر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔
بنوں میں امیر ضلع پروفیسر محمد اجمل خان، سیکرٹری جنرل محمد ندیم اور نائب صدر جے آئی یوتھ خیبرپختونخوا عبدالرف قریشی، لکی مروت میں قائم مقام امیر ضلع عبدالصمد خان، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد اسماعیل خان، ڈیرہ اسماعیل خان میں امیر ضلع منظر مسعود خٹک کی قیادت میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں اور مہنگائی میں اضافے کے خلاف احتجاج ہوا۔ بالاکوٹ ضلع مانسہرہ اور ملاکنڈ میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے ۔۔