کولمبو(صباح نیوز) پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں اننگز اور 222 رنز سے شکست دیکر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کر لیا۔دوسری اننگز میں پاکستانی بولرز مکمل طور پر لنکن ٹائیگرز پر چھائے رہے اور سری لنکا کی پوری ٹیم 188 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 3 وکٹیں نسیم شاہ کے حصے میں آئیں۔
سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں اینجلو میتھیوز 63 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان ویموتھ کرونا رتنے نے 41 اور نشان مدوشکا نے 33 رنز کی اننگز کھیلیں۔سری لنکا کے کولمبو کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز 5 وکٹوں کے نقصان پر 576 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی، اس طرح اسے میزبان ٹیم پر 410 رنز کی بڑی برتری حاصل ہو گئی۔ سلمان علی آغا 132 جبکہ محمد رضوان 50 رنز بنا کر نا ٹ آؤٹ رہے۔ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے پہلی اننگز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 563 رنز بنالیے تھے اور اسے سری لنکا کیخلاف پہلی اننگز میں 397 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔ کھیل کے تیسرے روز عبداللہ شفیق کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان کی پوزیشن مستحکم رہی ،
قومی ٹیم کے اوپنر عبداللہ شفیق 201 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، عبداللہ شفیق نے 322 گیندوں پر 200 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 19 چوکے اور 4 چھکے شامل ہیں۔سعود شکیل 57 ، شان مسعود 51 اور بابراعظم 39 رنز بناکر نمایاں رہے، سرفرازاحمد 14 اور امام الحق نے 6 رنز بنائے، سری لنکا کے اسیتھا فرنینڈو 3 اور پرابتھ جے سوریا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ تیسرے روز وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کی جگہ محمد رضوان کو کنکشن قانون کے تحت فائنل الیون میں شامل کیا گیا تھا۔سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 166 رنز بناکر آوٹ ہوئی تھی۔خیال رہے کہ گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔۔۔