اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب کامیاب رہا،وزیراعظم شہباز شریف اور رسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات بہت اہم رہی۔ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہورہے ہیں جبکہ سعودی عرب پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے جارہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب کامیاب رہا۔وزیراعظم اورولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اہم ملاقات ہوئی،کل پاک سعودی تعلقات نے نیا موڑ لیا ہے،دونوں رہنمائوں کے درمیان 6 ماہ میں یہ پانچویں ملاقات تھی۔ قریبی روابط اور باہمی اعتماد سے دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے حقیقت کا روپ دھار رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد نے کہا کہ پاکستان میں جتنی بھی سرمایہ کاری کی جائے کم ہے، دونوں رہنماوں نے دو طرفہ تعلقات بڑھانے اور تعاون مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔عطا تارڑ نے کہا کہ سعودی عرب سے سرمایہ کاری کا فروغ اور معاشی تعاون میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے۔ مؤثرپالیسیوں سے ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور مہنگائی 6 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ اضافہ ہواہے۔پاک سعودی عرب سرمایہ کاری کے معاہدوں کے بعد بہت سارے منصوبے گرائونڈ پر آچکے ہیں جبکہ کچھ پر پیشرفت ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں سعودی عرب کے مزید وفود پاکستان آئیں گے۔
انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کی حکومت سرمایہ کاری سے متعلق پاکستانی اقدامات سے مطمئن ہے۔ تحریک انصاف کے دور میں دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے اور انہوں نے معیشت پر بھی توجہ نہیں دی۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ دنیا کے لیڈر پاکستانی معیشت کی ترقی کی تعریف کرتے ہیں، اس وقت مہنگائی 4.8 فیصد پر آچکی ہے، جو حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستانی قیادت کے حوالے سے بہت اچھے تاثرات رکھتے ہیں۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کا فروغ اور معاشی تعاون میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملک میں مہنگائی مزید کم ہوگی، اور عوام کو بھرپور ریلیف ملے گا۔عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ دنیا میں ہم جہاں جہاں جاتے ہیں عالمی رہنما پاکستان کی معاشی ترقی کی تعریف کرتے ہیں، اربوں ڈالرز کی سرمایہ آئے گی تو مہنگائی مزید کم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ شرح سود کا 15 فیصد سے نیچے آنا خوشی کی بات ہے، حکومتی اقدامات کی بدولت ملک میں مہنگائی میں کمی آرہی ہے، آئندہ سعودی عرب کے مزید وفود بھی پاکستان آئیں گے۔عطا تارڑ نے کہا کہ واٹر سمٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے انڈس واٹر ٹریٹی کا بھی ذکر کیا، اس دوران پرائم منسٹر نے فرانس کے صدر سے بھی ملاقات کی۔