نئی دہلی (صباح نیوز) بھارتی بحریہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث نہ صرف اپنے افسران اور اہلکاروں کے جانوں کے ضیاع کا باعث بن رہی ہے بلکہ یہ بھارتی عوام پر بھی ایک بوجھ بن گئی ہے،بھارتی عوام کا کہنا ہے کہ کیا حادثات کا شکار بھارتی فوج چین یا پاکستان سے لڑنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی بحریہ کی غفلت و لاپرواہی کے باعث افسران اور اہلکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور ان کے حوصلے پست ہوگئے ہیں جبکہ بری کارکردگی کے باعث عوام میں بھی غم وغصہ پایا جاتا ہے۔انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی بحریہ کے ہر5سال میں 1جنگی جہاز تباہ اور ہر 2سال میں ایک تربیت یافتہ افسر ہلاک ہوجاتا ہے۔ سنہ 2000سے لے کر اب تک بھارتی بحریہ 26بڑے حادثات کا شکار ہو چکی ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر حادثات کپتان کی غفلت، غیر معیاری دیکھ بھال اور ناکافی تربیت کے باعث پیش آئے۔ صرف 2014 میں 11 حادثات ہوئے جن میں بھارتی بحریہ کے 21افسران و جوان ہلاک ہوئے۔انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسی طرح 8مارچ 2023کو بھارتی بحریہ کا ہیلی کاپٹر بحیرہ عرب میں ڈوب کر تباہ ہوگیا تھا۔ 18جنوری 2022کو INS رنویر پر دھماکے کے نتیجے میں 3سیلرز ہلاک ہوگئے تھے۔
علاوہ ازیں اکتوبر2017میں واحد بھارتی نیوکلئیر سب میرین غفلت کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی جب کہ فروری 2014 میں بھارتی سب میرین سندھورتنا میں آگ لگنے سے 2افسران سمیت 7سیلرز جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس سب میرین حادثے کے نتیجے میں بھارتی نیول چیف ڈی کے جوشی کو استعفی دینا پڑا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ 6 برسوں کے دوران پاکستان 4مرتبہ بھارتی آبدوزوں کا پاکستانی پانیوں میں سراغ لگا کر بھارتی بحریہ کی ناقص کارکردگی کا ثبوت دنیا کے سامنے رکھ چکا ہے۔عالمی سطح پر بھارتی بحریہ کی نیک نامی کو اس وقت بڑا دھچکا پہنچا جب قطر میں ایک پروجیکٹ کے لیے نجی کمپنی میں کام کرنے والے بھارتی صدارتی ایوارڈ یافتہ نیول کمانڈر سمیت 8 افراد کو کرپشن اور جاسوسی کے الزام میں نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑے تھے۔ قطر میں بھارتی بحریہ کے ان 8 افسران اور اہلکاروں کے خلاف کرپشن الزامات پر انھیں سزائے موت یا عمر قید ہوسکتی ہے۔ بھارتی بحریہ کے ان سیاہ کارناموں اور بری کارکردگی کے باعث بھارتی عوام کا کہنا ہے کہ کیا حادثات کا شکار بھارتی فوج چین یا پاکستان سے لڑنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔