لاہور(صباح نیوز)گورنر پنجاب چو ہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا اہم کردار ہے۔
گورنر پنجاب سے کنگ ایڈورڈ کے فیکلٹی ممبران اور امریکہ و برطانیہ میں مقیم اوورسیز پاکستانی ڈاکٹرز نے ملاقات کی جس میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل بھی موجود تھے۔
اس موقع پرگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، اداروں میں اصلاحات اور ان کو مضبوط بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
چوہدری سرور نے پاکستان میں جدید علاج کی فراہمی کے لیے اوورسیز پاکستانی ڈاکٹرز کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ انصاف صحت کارڈ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کا شاندار منصوبہ ہے۔
اوورسیز پاکستانی ڈاکٹرز نے کورونا کے دوران گورنر پنجاب کی غریب عوام کے لیے خدمات کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا اہم کردار ہے، یہ ملک و قوم کا سرمایہ ہیں، انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔