عمران خان کی حکومت نے بے یقینی ،عدم برداشت کو فروغ دیا،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی ، قائمہ کمیٹی سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے بے یقینی ،عدم برداشت کو فروغ دیا ، عوام مہنگائی ، بے روزگاری لاقانونیت کی چکی میں پِس رہے ہیں ۔

انہوں نے منصورہ ، گوجرانوالہ میں صحافیوں اور لاہور میں سیاسی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے کہا کہ 2018 انتخابات کے بعد عمران خان نے حکومتی اسلوب کے ساتھ استحکام کی بجائے بے یقینی ، شدت اور عدم برداشت کو فروغ دیا ہے، ملک ومِلت کو درپیش بحرانوں کے خاتمہ کے لئے حکومت نے سنجیدگی سے کوئی اقدام نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی ملک واپسی کے امکان بہت کم ہیں، عوام مہنگائی ، بے روزگاری لاقانونیت کی چکی میں پِس رہے ہیں، بااختیار بلدیاتی نظام، شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابی اصلاحات پر کوئی توجہ نہیں، چند دِن کے لئے نان ایشوز کو ایشو بنایا جاتا ہے ، عوام کو ہلکان کیا جاتا ہے اور قومی سیاست ایڈہاک ازم اور غیرذمہ دارانہ رویوں کا شکار ہے جس سے سیاسی، آئینی پارلیمانی بحران بڑھتا جا رہا ہے۔ قومی اسمبلی، سینٹ ، صوبائی اسمبلیوں کا کردار صفر ہو چکا ہے۔

لیاقت بلوچ نے پی پی پی رہنمائوں کے وفد سے گفتگو کرتے کہا کہ بے نظیر بھٹو کا قتل قومی سیاست کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان تھا، 19 سال پہلے بے نظیر کا قتل قومی وجود کے لئے عدمِ استحکام کا باعث بنا ہوا ہے۔ یہ المیہ ہے کہ مقتدر طبقے کسی بھی المناک واقعہ سے سبق سیکھنے، قومی حالات کی اصلاح کی بجائے مزید تباہی کا راستہ اختیار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی قیادت نے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی شہادت کو اقتدار کے لئے کیش تو کرالیا لیکن پائیدار جمہوریت ، پارلیمانی نظام اور کرپشن فری اقتصادی نظام دینے میں ناکام رہی ہے۔

لیاقت بلوچ نے قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں علاقائی ، لسانی ، انتہا پسندی کے تعصبات کی آماجگاہ بنادی گئی ہے، اسلام آباد میں یہ امر زبان زدِ عام ہے کہ ملک کی اہم ترین یونیورسٹی کو خرابیوں کا مرکز بنا دیا گیا لیکن صدر، وزیراعظم ، وزیرِتعلیم کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی، ملک بھر کی جامعات میں تعلیم،اخلاق وتہذیب ، ذمہ دار نوجوان نسل پروان چڑھانے کی بجائے لسانی ، علاقائی بھیسوں کی آگ بھڑکائی جارہی ہے۔ یہ بھی المناک پہلو ہے کہ جانبدار، متعصب سیکولر عناصر اِس تباہی پر خاموش ہے۔ حکومت قائد اعظم یونیورسٹی میں طلبہ وطالبات کی جان ومال عزت کی حفاظت کا اہتمام کرے۔