گلگت ( صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر راشد نسیم نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے ذہنوں سے ایک سازش کے تحت اسلامی حکومت کے تصور کو مٹایا جارہا ہے جماعت اسلامی اسلامی حکومت کے قیام کے لیے جدوجہد کررہی ہے ،دنیا کے سارے نظام فیل ہو چکے ہیں دنیا ایک متبادل نظام کی تلاش میں ہے اور وہ نظام مسلمانوں کے پاس ہے ،اسلامی ممالک میں بادشاہتیں قائم ہیں اسلامی تحریکیں جدوجہد کررہی ہیں کہ وہ اسلامی حکومتیں قائم کریں ،اسلامی حکومتیں ہی نظام عدل قائم کریں گی صلات اور زکوةٰ کا نظام قائم کریں گی جن کے ذریعے عوام الناس کی فلاح کے اقدامات ممکن ہوں گے ،سود سے پاک معاشی نظام اسلامی حکومت کی اولین ترجیح ہو گی ،
ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے زیر اہتمام تربیت گا ہ میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پرجماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان ،امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا عبدالسمیع ،سیکرٹری جنرل نظام الدین،امیر ضلع گلگت تنویر حیدری سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر راشد نسیم نے کہاکہ دنیا میں اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے بڑی تعداد میں لوگ اسلام کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں مغربی تہذیب اپنے انجام کو پہنچ چکی ہے سود پر مبنی معاشی نظام نے دنیا کو غربت کی لکیر سے نیچے کردیا ہے اربوں انسان ایک متبادل نظام کی طرف متوجہ ہورہے ہیں اسلامی تحریکیں پوری دنیا میں غلبہ اسلام اور اسلامی تہذیب کو اپنانے کی دعوت دے رہی ہیں جس کو قبول کیا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا میں خلافت راشدہ کی طرز پر خلافت قائم کی جائے مدینے کی ریاست کے طرز پر ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔