پشاور(صباح نیوز)پشاورہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے لگائے گئے تھری ایم پی او (مینٹیننس آف پبلک آرڈر)کے احکامات کو کالعدم قرار دے دیا۔
عدالت نے گذشتہ روز تھری ایم پی اومیں گرفتار ملزموں کی درخواستوں پر دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس ارشد علی پر دو رکنی بینچ نے محفوظ فیصلہ سنادیا۔
فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے جاری تھری ایم پی او کے احکامات کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔ عدالت نے تھری ایم پی او میں گرفتار افراد کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔
خیال رہے کہ اس قانون کا نام مینٹیننس آف پبلک آرڈر ہے اور مختصرا اسے ایم پی او یا امنِ عامہ کی بحالی کا قانون کہا جاتا ہے۔ جب یہ کہا جاتا ہے کہ فلاں کو نقضِ امن میں پکڑ لیا گیا تو یہی قانون مراد ہوتا ہے۔