پروفیسر ابراہیم کی زیر صدارت قرطبہ یونیورسٹی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد(صباح نیوز) امیر جماعتِ اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان کی زیر صدارت قرطبہ یونیورسٹی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس مرکزی دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں قرطبہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے قیام اور باقاعدہ چلانے کے حوالے سے مجوزہ 10 سالہ منصوبہ زیر غور آیا۔ منصوبے کی تفصیلات شرکا کے سامنے رکھی گئیں۔

اجلاس میں منصوبے کے مختلف مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور ایچ ای سی کے ساتھ قرطبہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی بطور ڈگری ایوارڈنگ انسٹی ٹیوٹ اور چارٹرڈ یونیورسٹی باقاعدہ رجسٹریشن کے حوالے سے تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ یونیورسٹی کا 10 سالہ مجوزہ منصوبہ اور اخراجات کی تفصیلات سے شرکا مجلس کو آگاہی دی گئی۔ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پہلے یونیورسٹی چارٹرشپ کے لیے درخواست دی جائے، اس کے ساتھ ہی ابتدائی طور پر 4 فیکلٹیز قائم کرکے ایچ ای سی قواعد و ضوابط کے مطابق فیکلٹیز میں کلاسز کا اجرا اور درس و تدریس کا باقاعدہ آغاز کیا جائے۔

اس مقصد کے لیے پہلے ایک بورڈ آف ٹرسٹیز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے، جن کی نگرانی میں یہ تمام کاروائی پایہ تکمیل کو پہنچائی جائے۔ یونیورسٹی کے  فائنل سیمٹرک  آرکیٹیکچرل ڈیزائن کی تفصیلات شرکا کے سامنے پیش کی گئیں۔ شرکا نے ڈیزائن میں بعض ضروری ترمیمات کی نشاندہی کی اور انہیں درست کرنے کی ہدایت کی۔ شرکا کو بتایا گیا کہ 10 فیکلٹیز پر مشتمل ہائی رائز اکیڈمک بلاکس ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی اساتذہ اور طلبا و طالبات کے لیے الگ الگ ہاسٹلز، ، ایڈمنسٹریشن بلاک، مسجد، کیفے ٹیریاز، پلے گرانڈ، انڈور/آٹ ڈور گیمز کی سہولیات، لائبریری، سٹوڈنٹس فیسیلیٹیشن ایریاز، پارکنگ ایریا وغیرہ کے لیے جگہیں مختص کی گئی ہیں۔

کنوینر کمیٹی پروفیسر ابراہیم خان نے قرطبہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے انفراسٹرکچرل ڈیزائن اور مجوزہ 10 سالہ پلان آف ایکشن پر بحیثیتِ مجموعی اطمینان کا اظہار کیا۔ طے پایا کہ تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کیساتھ ساتھ  مرحلہ وار پہلے پنجاب ہائیر ایجوکشین کمیشن کیساتھ الحاق اور پھر ایچ ای سی میں یونیورسٹی چارٹرشپ کے لیے درخواست دی جائے گی۔اجلاس کی کارروائی سمیٹتے ہوئے کنوینیر کمیٹی پروفیسر ابراہیم خان نے کہا کہ قاضی حسین احمد مرحوم کے وژن کے مطابق علم و امن کے شہر قرطبہ سٹی میں قرطبہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔

ہم نے اپنے حصے کا کام کرکے آئندہ نسلوں کے لیے ایک مثالی تعلیمی و تربیتی ادارہ کے قیام کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا  ہے۔ اس سارے عمل میں اللہ رب العزت ہمارا حامی و ناصر ہے. اجلاس میں اراکین کمیٹی سید محمد بلال، زبیر صفدر، چیف آپریٹنگ آفیسر قرطبہ سٹی ضیا الرحمن قریشی، ڈاکٹر فرزند علی جان، سیکرٹری تعلیم کمیٹی عرفان شہزاد سمیت قرطبہ سٹی کے منیجرز، آرکیٹیکٹ عظمت مظہر، ٹیکنو لیگل کنسلٹنٹ کمپنی کے ریزیڈنٹ انجینئر و دیگر بھی موجود تھے۔