نااہل ویژن سے عاری سابقہ اور موجودہ حکومتوں کی پالیسیوں سے ملک پیچھے رہ گیا، حافظ محمد ادریس


لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ اللہ کے ساتھ تعلق مضبوط کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ طاغوتی نظام نے دنیا بھر میں غریب مظلوم لوگوں کو غلامی میں جکڑا ہوا ہے۔ ملک میں عوام بھوک اور صحت کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے مر رہے ہیں۔ حکمران بہتری کی بجائے پستی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ نااہل اور ویژن سے عاری سابقہ اور موجودہ حکومتوں کی پالیسیوں سے ملک پیچھے رہ گیا۔ پی ٹی آئی حکومت نے عوام سے ایک بھی وعدہ وفا نہیں کیا۔ بجلی، تیل اور گیس کے بعد اشیائے خوردونوش کی آئے روز قیمتوں میں  اضافہ سے عوام فاقوں مر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ ادریس نے کہا کہ ختم نبوت کے قوانین میں تبدیلی ہرگز قبول نہیں کی جائے گی۔ ختم نبوت کا دفاع ہر مسلمان کا دینی فرض ہے۔ سودی کاروبار نے ملکی معیشت تباہ کردی اور عوام کو بھوک اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا۔ حکمران سود کے خلاف اٹھنے والی آواز کو زور زبردستی دبانے کی کوشش کر تے ہیں۔ سود اللہ اور رسولۖ کے خلاف جنگ ہے اور کوئی یہ جنگ نہیںجیت سکتا۔ سودی معیشت سے ملک میں برکت ختم ہو رہی ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں ۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد ملک میں اللہ اور اس کے رسولۖ کا نظام نافذ کرنا ہے۔