ڈھاکہ(صباح نیوز) بنگادیش کے دارلحکومت ڈھاکہ میں کھیلی جانے والی ایشین چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن کے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی ہے۔مولانا بھاشانی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں من پریت سنگھ نے پہلے ہی منٹ میں پینلٹی کارنر پر گول کر کے انڈیا کو برتری دلوائی تاہم نویں منٹ میں افراز نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ابتدائی دو کوارٹرز میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔
تیسرے کوارٹر کے آغاز میں عبدالرانا نے پینلٹی کارنر پر گول کر کے پاکستان کو برتری دلوا دی تاہم اس کوارٹر کے اختتام میں تین سیکنڈ باقی تھے کہ انڈیا کے سمِت نے انڈیا کی جانب سے دوسرا گول کر کے میچ برابر کر دیا۔چوتھے کوراٹر میں انڈیا نے اس وقت برتری حاصل کی جب آٹھویں منٹ میں ورون کمار نے پینلٹی کارنر پر انڈیا کے لیے تیسرا گول کیا۔
میچ کے اختتام سے پانچ منٹ قبل پاکستان کو یکے بعد دیگرے دو پینلٹی کارنر ملے مگر ان مواقع سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا تاہم آکاش دیپ سنگھ نے اختتام سے تین منٹ قبل انڈیا کی جانب سے چوتھا گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری دوگنی کر دی۔
پاکستان کی جانب سے تیسرا اور میچ کا ساتواں گول احمد ندیم نے کیا لیکن پاکستانی ٹیم مقررہ وقت میں مزید ایک گول کرنے میں ناکام رہی اور اسے چوتھی پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔اس میچ میں انڈیا کو 11 جبکہ پاکستان کو چار پینلٹی کارنرز ملے جن میں سے انڈیا نے دو جبکہ پاکستان نے ایک سے فائدہ اٹھایا۔یہ اس ٹورنامنٹ میں انڈیا کی پاکستان پر لگاتار دوسری فتح ہے۔ اس سے پہلے ابتدائی مرحلے میں انڈیا نے ایک کے مقابلے میں تین گول سے میچ جیتا تھا۔یہ ایشین چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ پاکستانی ٹیم ٹاپ تین ٹیموں میں شامل نہیں ہو سکی۔ ماضی میں کھیلے گئے پانچوں مقابلوں میں پاکستانی ٹیم فائنل تک پہنچی اور اس نے ان میں سے تین فائنل جیتے بھی تھے۔ پاکستان نے آخری مرتبہ یہ ٹورنامنٹ 2018 میں جیتا تھا۔
اس ٹورنامنٹ کا فائنل بدھ کی شام جنوبی کوریا اور جاپان کے مابین کھیلا جائے گا۔جنوبی کوریا نے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کو پانچ کے مقابلے میں چھ گول سے ہرایا تھا جن میں سے چار گول جینگ جونگ ہیون نے سکور کیے تھے۔
ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل ابتدائی مرحلے میں پہلے نمبر پر آنے والی انڈیا اور چوتھے نمبر پر رہنے والی جاپانی ٹیم کے مابین کھیلا گیا تھا جس میں جاپان نے دفاعی چیمپیئن انڈین ٹیم کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا۔ملائیشیا کی جانب سے عدم شرکت کے فیصلے کے بعد اس ٹورنامنٹ میں کل پانچ ٹیمیں شریک ہیں جن میں پاکستان، انڈیا، جاپان، جنوبی کوریا اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔