اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ پاکستان دیوالیہ نہیں ہوگا، حکومت نے دسمبرتک تمام بیرونی ادائیگیوں کویقینی بنایا ہے۔یہ بات انہوں نے
نیشنل سکیورٹی ڈویژن اوراسلام آبادپالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام منعقدہ اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ کے تحت پاکستان کے اقتصادی چیلنجز کے موضوع پرسیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت نے اپنے سیاسی اثاثہ کی قیمت پرمشکل اقتصادی فیصلے کئے ہیں کیونکہ ہمارے لئے سیاست سے زیادہ ریاست ضروری ہے۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت جامع اورپائیداراقتصادی بڑھوتری کے حصول کیلئے مختلف شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کرارہی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ علاقائی رابطوں میں اضافہ، درآمدات کی حوصلہ شکنی اوربرآمدات میں اضافہ پربھی ہماری توجہ مرکوزہے۔
انہوں نے کہاکہ اقتصادی سلامتی قومی سلامتی کااہم جزوہے اوراقتصادی سلامتی کویقینی بنانے کیلئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ پاکستان دیوالیہ نہیں ہوگا، حکومت نے دسمبرتک تمام بیرونی ادائیگیوں کویقینی بنایا ہے۔۔