خیبرپختونخوا، صحت کارڈ پینل میں شامل ہسپتالوں کو 9 مئی سے داخلے بندکر نے کی ہدایت


پشاور(صباح نیوز) خیبرپختونخوا میں انشورنش کمپنی نے صحت کارڈ پینل میں شامل تمام اسپتال کو 9 مئی سے داخلے بندکر نے کی ہدایت کر دی،خیبرپختونخوا میں صحت سہولت کارڈز پر بڑے آپریشنز روک دئیے گئے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ نگران صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈ نہ دینے پر انشورنس کمپنی نے آپریشن بندکردیے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق صحت سہولت کارڈ پر دل، ڈائیلاسز  اور کینسر سمیت مختلف بڑے آپریشن نہیں ہوں گے۔

محکمہ صحت کے مطابق انشورنش کمپنی نے صحت کارڈ پینل میں شامل اسپتالوں اور تمام ڈی ایم اوز کو مراسلہ بھیج دیا اور کہا کہ صحت کارڈ پلس پروگرام کے تحت تمام پینل اسپتال 9 مئی سے داخلے لینا بندکردیں۔

دوسری جانب سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر چند روز بعد صحت کارڈ بند ہو جاتا ہے، پی ڈی ایم کی نااہلی سے کے پی کو خراب کیا جارہا ہے۔