اسلام آباد (صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزراء فواد چوہدری اور محمد اعظم خان سواتی کی توہین الیکشن کمیشن کیس میں معافی منظور کر لی۔ الیکشن کمیشن نے آئندہ دونوں وفاقی وزراء کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کے روز الیکشن کمیشن میں وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر برائے ریلویز سینیٹر محمد اعظم خان سواتی کے خلاف چیف الیکشن کمشنر پر لگائے جانے والے الزامات کے معاملہ پرشروع کئے گئے توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت اعظم سواتی اپنے وکیل سینیٹر بیرسٹر سید علی ظفر کے ہمراہ پیش ہوئے۔ دوران سماعت ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار احمد درانی نے اعظم سواتی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اعظم سواتی صاحب!آپ مصروف آدمی ہیں کیوں پیش نہیں ہوتے؟آپ پر ذمہ داری زیادہ ہے۔ اس پر اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو خودمختار بنانے کے لئے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے۔ اس پر ممبر الیکشن کمیشن سندھ نے کہا کہ یہ تمام ادارے آپ کے ہیں ، انہیں برا ،بھلا کہنا درست نہیں۔