اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے مزدوروں کے کردارسے کسی صورت انکارممکن نہیں ترقی میں محنت کشوں کا اہم کردارہوتا،حکومت چاہتی ہے کہ معاشی ترقی کے فوائد آبادی کے تمام طبقات بالخصوص مزدوروں کے لیے خوشحالی میں تبدیل ہوں آئیںہم سب محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کا عہد کریں تاکہ محنت کش طبقے کی ہر حوالے سے فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جاسکے۔
وزیراعظم نے اس امرکا اظہار محنت کشوں کے عالمی دن یکم مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ آج دن ہمیں ان محنت کشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے حقوق کے لیے انتھک جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یہ دن نا صرف محنت کے تقدس اور وقار کی علامت ہے بلکہ یہ ملک کی معاشی ترقی میں مرکزی حیثیت رکھنے والے مزدوروں اور محنت کشوں کی اہمیت کا اعتراف ہے۔ آج کے دن پوری قوم محنت کش طبقے کو شاندار خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ملک کی ترقی میں ان کے کردار اور معاونت کو سراہتی ہے. ہمارا عظیم مذہب اسلام سماجی انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کے احترام کے اصولوں پر زور دیتا ہے۔ اللہ تعالی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں حکم دیا ہے کہ ہم مزدوروں کے حقوق کو انتہائی اہمیت دیں اور ان حقوق کو اپنا بنیادی فریضہ سمجھتے ہوئے ان کی انجام دہی میں کوتاہی نہ برتیں۔حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں ہمیں محنت کی عظمت اور محنت کش طبقے کے حقوق کے احترام کی بے شمار متاثر کن مثالیں ملتی ہیں۔
اسلام نے عالمی لیبر قوانین کے نفاز سے بہت پہلے ہی مزدوروں اور محنت کشوں کے حقوق کے حوالے سے رہنما اصول طے کر دئے تھے۔ اسی بنیاد پر ہم سمجھتے ہیں کہ مزدور اور آجر پیداواری عمل میں شراکت دار ہیں اور ان کا تعاون اور دوستانہ تعلق ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ موجودہ حکومت محنت کشوں کے کام کرنے اور زندگی گزارنے کے حالات کو بہتر بنانے اور ان کے اور ان کے خاندانوں کے لیے بہتر رہائش، تعلیم کی سہولیات اور صحت کا تحفظ فراہم کر کے ان کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔ مہنگائی کی بلند شرح اور دیگر معاشی چیلنجوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے مزدوروں کی کم از کم اجرت 17,500 روپے ماہانہ سے بڑھا کر 25000 روپے ماہانہ کر دی ہے. حکومت مزدوروں کے فلاحی اداروں کے لیے خودکار، مربوط نظام تیار کرنے کے حوالے سے کام کر رہی ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور مزدوروں اور کارکنوں کو کم سے کم وقت میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ لیبر مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے، موجودہ حکومت نے پیشہ ورانہ تربیت اور ہنر کی ترقی کے پروگرام شروع کیے ہیں تاکہ عوام کو ملک کے اندر اور باہر ملازمتوں کی منڈیوں میں ان کا جائز حصہ حاصل کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کے لیے مزدوروں کا کردار اہم ہوتا ہے اور ہماری حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ معاشی ترقی کے فوائد آبادی کے تمام طبقات بالخصوص مزدوروں کے لیے خوشحالی میں تبدیل ہوں۔آئیے آج کے دن ہم سب انفرادی اور اجتماعی دونوں سطحوں پر محنت کشوں کے حقوق کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کریں تاکہ محنت کش طبقے کی سماجی، معاشی اور سماجی بہبود میں سرمایہ کاری کرکے ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جاسکے۔