پشاور (صباح نیوز)پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخابات کروانے کے حوالہ سے کیس کی سماعت 4مئی تک ملتوی کردی۔ جسٹس محمد ابراہیم خان نے ریمارکس دیئے ہیں کہ 4مئی کو کیس سن کر فیصلہ کریں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جواب جمع کروانے کے لئے مزید قت مانگ لیا جس پر عدالت نے مزیدسماعت 4مئی تک ملتوی کردی۔
ایڈووکیٹ جنرل کے پی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے جواب تیار ہے تاریخ گورنر اور الیکشن کمیشن نے دینی ہے۔
جسٹس محمد ابراہیم خان کی سربراہی میں جسٹس عبدالشکور پر مشتمل دورکنی بینچ نے کے پی اسمبلی کے اسپیکر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مشاق احمد غنی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بیرسٹر گوہرعلی خان اور حکومت کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا عامر جاوید پیش ہوئے۔
نوٹس جاری ہونے کے باوجود الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب جمع نہ کروایا جاسکا اور جواب جمع کروانے کے لئے مزید وقت دینے کی استدعا کی گئی۔
پی ٹی آئی وکیل نے الیکشن کمیشن کے وکیل کی استدعا پر اعتراض کیاا ور مئوقف اختیار کیا کہ نگران حکومت کا وقت 17اپریل کو ختم ہو چکا ہے، اس کے باجوو نہ تو گورنرکی جانب سے اور نہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے صوبے میں انتخابات کے حوالہ سے کوئی تاریخ دی گئی ہے، الیکشن کا معاملہ ہے جلد ازجلد تاریخ دی جائے۔ اس پر ایڈووکیٹ جنرل عامر جاوید کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے توجواب تیار ہے لیکن الیکشن کی تاریخ دینا گورنر اور الیکشن کمیشن کااختیار ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 4مئی تک ملتوی کردی۔
جسٹس محمد ابراہیم خان کا کہنا تھا کہ اس سے تاریخ آگے نہیں دی جائے گی، اسی تاریخ کو کیس سنا جائے گا اور فیصلہ دیا جائے گا۔