اسلام آباد(صبا ح نیوز)سوتی ملبوسات کی برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 13 فیصد کمی ریکارڈہوئی ۔
پاکستان کے ادارہ برائے شماریات اور سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے سے جاری اعداوشمارکے مطابق جولائی2022 سے فروری 2023 تک کی مدت میں سوتی ملبوسات کی برآمدات سے 1.380 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 13 فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سوتی ملبوسات کا حجم 1.585 ارب ڈالر ریکارڈ کیاگیا ۔فروری میں سوتی ملبوسات کی برآمدات میں سالانہ بنیادں پر 34فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ فروری میں سوتی ملبوسات کی برآمدات سے ملک کو 155 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ سا ل فروری کے مقابلہ میں 34 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سا ل فروری میں سوتی ملبوسات کی برآمدات سے ملک کو 234 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
جنوری کے مقابلہ میں فرور ی میں سوتی ملبوسات کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔جنوری میں سوتی ملبوسات کی برآمدات کا حجم 159ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو فروری میں کم ہو کر 155ملین ڈالر ہو گیا۔ واضح رہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات میں مجموعی طور پر 11.1فیصد کمی ریکارڈکی گئی ۔ مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کا حجم 11.21ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 12.61 ارب ڈالر تھا۔