سینئر صحافی انصار عباسی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی، غلط خبر چلانے کا سکرین شاٹ بھی جمع کرایا


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے بیان حلفی کیس کی سماعت کی غلط رپورٹنگ پر اے آر وائی نیوز کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ہے ۔

سینئر صحافی انصار عباسی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی جس میں اے آر وائی نیوز کی جانب سے غلط خبر چلانے کا سکرین شاٹ بھی عدالت میں جمع کرایاگیا ہے۔

انصار عباسی نے موقف اختیار کیا کہ13دسمبر کی عدالتی کارروائی کو اے آر وائی نے غلط رپورٹ کیا،کیس کی سماعت کے دوران عدالتی آبزرویشنز اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، انصار عباسی نے کہا ہے کہ اے آر وائی نے میرے حوالے سے چیف جسٹس اطہر من اللہ کے غلط ریمارکس چلائے،مجھ سے متعلق چیف جسٹس سے ایسے ریمارکس منسوب کر دیئے جو انہوں نے دئیے ہی نہیں

انصار عباسی نے مزید کہا ہے کہ اے آر وائی نے چلایا کہ انصار عباسی کی جھوٹی خبر نے سچ کو جھوٹ کر دیا،عدالتی کارروائی کے دوران کمرہ عدالت میں موجود تمام صحافیوں نے اس بات کی نفی کی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر ثاقب بشیر نے بھی اے آر وائی کے دعوی کی نفی کی۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اے آر وائی کی غلط عدالتی رپورٹنگ کا جوڈیشل نوٹس لیا جائے،اے آر وائی کی جانب سے توہین و ہتک آمیز اور غیر سنجیدہ دعوی پر کارروائی کی جائے۔