اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ اور دوسرے اداروں کو انسانی امداد کی افغانستان منتقلی کیلئے تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔
اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ افغان عوام کو انسانی امداد کی فراہمی کیلئے کوئی پیشگی شرائط نہیں ہونی چاہئیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اگلے سال مارچ میں اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس کی میزبانی کا بھی منتظر ہے۔ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں وسیع تر تعاون کی ضرورت پرزورد یا ۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے مظلوم عوام کیلئے اسلامی تعاون تنظیم کی مسلسل حمایت کو سراہتا ہے۔ بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی بربریت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی روشنی میں تنازع کشمیر کے حل کا خواہشمند ہے،
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اقدامات کرنے چاہئیں اور مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ارتکاب کرنے والوں سے جواب طلبی کرنی چاہئے