الیکشن کمیشن صوبائی،وفاقی وزرا کی ضمیروں کو خریدنے کے عمل کا نوٹس لے،سینیٹر مشتاق احمد خان


ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گر رہی ہیں لیکن ہمارے حکمران معمولی کمی کرکے عوام کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ وزیراعظم اور وفاقی حکومت سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ کوئی آئے اور ان کی حکومت کو ختم کردے۔ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت پانچ سال پورے کرے تاکہ ان کی نااہلی کھل کر قوم کے سامنے آجائے۔ وزیراعظم نے حلف تو دستور کے مطابق لیا ہے لیکن الیکشن کمیشن کے منع کرنے کے باوجود پشاور دورے پر آئے اور اعلانات کئے۔ یہ بلدیاتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے۔ حکومت عوام کے پاس جانے سے خوفزدہ ہے، وزراء دھمکیوں پر اتر آئے ہیں ان کے دماغ خراب ہوچکے ہیں۔ یہ دھمکیاں ان کی ناکامی اور شکست کا اعتراف ہیں۔ بلدیاتی انتخابات سے قبل حکومت کو عوام کا خیال نہیں تھا اب انھیں عوام کا خیال آیا ہے اور ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے اعلانات کررہے ہیں۔ الیکشن کمیشن صوبائی اور وفاقی وزراء کی ضمیروں کو خریدنے کے عمل کا نوٹس لے۔ حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے بھاگنے کی بہت کوشش کی لیکن سپریم کورٹ اور جماعت اسلامی نے ان کو بھاگنے نہیں دیا۔ الیکٹرونک ووٹنگ مشین ڈیجیٹل دھوکہ ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں صوبے بھر میں کامیابیاں سمیٹیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے ایک روزہ دورے کے دوران تحصیل درابن کلاں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جلسہ عام سے جماعت اسلامی ڈیرہ اسماعیل خان کے امیر مولانا سلیم اللہ ارشد، سابق ایم پی اے و سابق تحصیل ناظم ڈیرہ فتح اللہ خان میانخیل اور امیدوار برائے چیئرمین تحصیل کونسل درابن کلاں احسان اللہ خان میانخیل سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومت کا ریلیف پیکیج عوام کے لئے تکلیف پیکیج ہے۔ یہ قوم کے ساتھ دھوکہ اور مذاق ہے۔ کورونا کے فنڈز میں چالیس ارب روپے کی کرپشن ہوچکی ہے۔ نااہلی، کرپٹ ٹولے کی پشت پناہی اور کرپشن پر حکومت کو مستعفی ہوجانا چاہئے۔

انھوں نے کہا کہ آٹا، چینی، تیل، گھی، پٹرولیم مصنوعات اور روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ شرمناک معاہدے کئے جا رہے ہیں۔ ملک کی خودمختاری داؤ پر لگائی جارہی ہے۔ ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے ملک مختلف مسائل کا شکار ہورہا ہے اور حکومت کی نااہلی کی سزا پورے ملک کو بھگتنی پڑ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس حکومت سے چھٹکارا حاصل کئے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

انھوں نے کہا کہ نااہل حکومت سے چھٹکارے کا واحد راستہ انتخابات میں نیک، صالح اور درد دل رکھنے والے امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کرانا ہے۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ 19 دسمبر کو اس ظالم حکومت اور پچھلے ادوار میں پاکستان اور عوام کو ترقی اور خوشحالی سے محروم رکھنے والوں سے ووٹ کے ذریعے انتقام لیں۔ جماعت اسلامی نے ہر تحصیل، ویلج اور نیبر ہڈ کونسل میں عوامی مسائل کے حل کی صلاحیت رکھنے والے افراد کو ٹکٹ دیئے ہیں۔عوام انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں۔