توشہ خانہ رپورٹ میں سب ایکسپوز ہو گئے، ثابت ہو گیا کہ سبھی حکمران جماعتیں لوٹ مار میں ملوث ہیں، راشد نسیم


تاندلیانوالہ(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی مفادات کے لیے ایک دوسرے سے دست و گریبان ہیں، ان تینوں اطراف کا طرز حکومت اور پالیسیاں یکساںہیں، اختلاف صرف اقتدار کے حصول کے لیے ہے۔

تاندلیانوالہ کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ توشہ خانہ رپورٹ میں سب ایکسپوز ہو گئے، ثابت ہو گیا کہ سبھی حکمران جماعتیں لوٹ مار میں ملوث ہیں، ان کے چہرے، جھنڈے اور پارٹیاں الگ الگ طرز بودوباش، کلچر ایک ہے۔ نائب امیر صوبہ سردار ظفر حسین، امیر ضلع پیر مدثر شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

راشد نسیم نے کہا کہ جھوٹ بولنے کا معاملہ ہو یا آئی ایم ایف کی غلامی ، کسی جنرل کی ایکسٹیشن زیربحث ہو یا مذہب بیزار قوانین کا معاملہ، حکمران جماعتیں ایک جیسا سوچتی ہیں، انھوں نے معیشت برباد کی، سماج اور سیاست کا ستیاناس کیا۔

انھوں نے کہا کہ ملک کو اسلامی نظام کی ضرورت ہے اور یہ نظام جماعت اسلامی لا سکتی ہے۔ جماعت اسلامی کی حکومت کا مقصد پارٹی یا کسی فرد کا اقتدار نہیں بلکہ حاکمیتِ الٰہی کا قیام ہے۔