الخدمت فاؤنڈیشن کی غزہ کیلئے سپلائی بحال، اردن سے امدادی سامان کی نئی کھیپ غزہ کیلئے روانہ کردی،ڈاکٹرحفیظ الرحمن

 لاہور(صبا ح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی غزہ کیلئے سپلائی بحال ہوگئی۔ مرکزی صدرپروفیسرڈاکٹرحفیظ الرحمن نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ جورڈن رائل میڈیکل سروسز اور اردن میں پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے امدادی سامان کی نئی کھیپ متاثرین کیلئے اردن سے غزہ کیلئے روانہ کی گئی ہے جس میں ادویات اور فوڈآئٹم شامل ہیں۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے اِس موقع پر کہا کہ الخدمت  فاؤنڈیشن اب تک غزہ کے لیے مجموعی طور پر 20 کنسائمنٹ روانہ کر چکی ہے جس میں 15 بائی ائیر، 3 سمندر کے رستے اور 2 بائی روڈ کنسائنمنٹ شامل ہیں۔اِن کنسائنمنٹس  میں فوڈ پیکج، فوڈ کین، آٹا، چاول، پانی ، ادویات، ہائی جین کٹس، ڈلیوری کٹس، بے بی کٹس، خیمے، یری کین، ونٹر پیکج، فیملی پیکج، کمبل، اور میٹرس شامل ہیں۔

اِس کے علاوہ الخدمت نے مصر اور پاکستان  میں فلسیطینی  طلبہ وطالبات کی  تعلیمی معاونت کے ساتھ ساتھ  غزہ سے فلسطینی بچوں کو پاکستان میں مخلتف یونیورسٹیوں میں داخلے ک اہتما م بھی کیا ہے ۔ اب تک ان امدادی سرگرمیوں پر ساڑھے4 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔

صدر الخدمت نے کہا کہ اہل پاکستان اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کوتنہانہیں چھوڑیں گے اوران کی  ہر ممکن امداد کاسلسلہ جاری رکھیں گے۔اسرائیلی حملوں میں تیزی کے باعث غزہ تک امدادی سامان پہنچانے میں عارضی تعطل آیا تھا جسے الخدمت ٹیم نی مسلسل کوششوں کے بعد پارٹنرزکے ذریعے دورکردیا اورایک بارپھرغزہ کیلئے امدادی سامان روانہ ہونے کاسلسلہ شروع ہوگیا ہے۔