انتخابات کی تاریخ، گورنر پختونخوا نے الیکشن کمیشن کو مشاورت کیلئے بلا لیا

پشاور(صباح نیوز)گورنر خیبرپختونخواغلام علی نے الیکشن کمیشن کے خط کا جواب دے دیا۔گورنر غلام علی کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن کو 7 یا 8 مارچ کو انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کیلئے بلایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں الیکشن کمیشن کے خط کا جواب دیا ہے، سپریم کورٹ کے احکامات پر من وعن عمل درآمد کیا جائے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن نے گورنر خیبرپختونخوا کو انتخابات کی تاریخ کیلئے مراسلہ تحریر کیا تھا۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے صدر پاکستان کو بھی پنجاب میں 30 اپریل سے 7 مئی کے دوران انتخابات کی کوئی تاریخ دینے کی تجویز مانگی تھی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر پنجاب میں 30 اپریل کو انتخابات کرانے کی تاریخ کی منظوری دی ہے