غلط بیانی سے کام لینے پر شبلی فراز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔اسلام آبادپولیس


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ  پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنی رہائش گاہ پر موجود نہیں ہیں۔ٹوئٹر پر اتوار کو اپنے ایک بیان میں اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ قانونی کارروائی کی راہ میں غلط بیانی سے کام لینے پر شبلی فراز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان رہائش گاہ پر موجود نہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماں نے یقینی دہانی کروائی کہ وہ قانون پر عمل کریں گے اس لیے ہم امید کرتے ہیں کہ وہ عدالت پیش ہوں گے۔

اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے کہا تھا کہ اس کی ایک ٹیم پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ زمان پارک سے گرفتار کرنے کے لیے موجود ہے۔اٹھائیس فروری کو توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد ظفر اقبال نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

اسلام آباد پولیس نے ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ ان کی پولیس ٹیم عمران خان کو گرفتار کرنے لاہور میں موجود ہے۔ اسلام آباد پولیس نے مزید لکھا کہ اسلام آباد پولیس اپنی حفاظت میں عمران خان کو اسلام آباد منتقل کرے گی۔ قانون سب کے لیے برابر ہے۔