کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ طاقت ،تشدد، جھوٹے بیانات ،جھوٹے مقدمات سے بلوچستان کے حالات خراب کرنے والے عوام کے خیر خواہ نہیں۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کوبے بنیاد جھوٹے مقدمات میں قید کرنا مظلوم عوام کی آوازکو بند کرنا ہے۔ ظلم جبر درندگی ،مافیازکے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی رہائی کیلئے ،مسائل کے حل ،حقوق کے حصول ،جھوٹے مقدمات اورمافیازکی سازشوں کو ختم کرنے کیلئے عدالت ،پارلیمنٹ اورعوام میں جدوجہد جاری رہے گی ۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی رہائی ،جھوٹے مقدمات کے خاتمے کیلئے ہرفورم پر احتجاج کرکے آوازبلند کی جائے گی ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ بلوچستان اور گوادر کے عوام کو عوام ،معصوم شہریوں کو بائی پاس کرکے ان پر ظلم وجبر کرکے امن قائم نہیں کیاجاسکتا ۔جماعت اسلامی اورحق دو تحریک والے پرامن ،جمہوری لوگ ہیں جو مظلوموں کے حقوق کے حصول ،بھتہ خوروں ،لٹیروں ،ظالموں کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں ہم بلوچستان کے عوام کو آئینی معاشی حقوق دیکر حالات ٹھیک کرناچاہتے ہیں لیکن حکومت ،حکومتی ادارے ،وزیر داخلہ ،حکومتی مشیران ،سیکورٹی فورسز،پولیس سربراہ عوام کو حقوق دینے میں سنجیدہ نہیں فوجی آپریشن ،پولیس گردی ،طاقت ،جھوٹے مقدمات ،گولی کی ذریعے امن قائم ہوسکتاہے نہ حالات ٹھیک ہوں گے۔مظلوم عوام ،حقیقی لیڈر شپ ،عوام کے غم خواروں ، مقامی آبادی،شہریوں کو سائیڈ پر رکھ کر ،نظراندازیا محصورکرکے ،کرفیو ،خوف ودہشت جیسی حالات پیدا کرکے حالات کنٹرول کرنا خام خیالی ہے ۔
حکومت میں عوام کیلئے آوازبلند کرنے والا کوئی نہیں ۔منتخب نمائندے خواب غفلت کا شکار ذاتی مفادات مراعات کیلئے کوشاں ہیں ظلم وجبر لوٹ مارکے نظام میں عوام دشمن ،کمیشن وکرپشن مافیاز، لٹیرے،بھتہ خور مالا مال عوام بدحال ہوئے ہیں ۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی قیادت میں حق دو تحریک کے پرامن جمہوری جدوجہد سے انشاء اللہ بلوچستان کے مظلوم عوام کو حقوق ملیں گے ۔بلوچستان کے وسائل ریکوڈک سیندک ،ساحل وبارڈرزپر مافیازنے قبضہ کیا ہے ۔حکومتی سطح پرجھوٹے بیانات ،جھوٹے دعوے کیے جارہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں جماعت اسلامی ان ظالموں کے ظلم ولوٹ مار کو بے نقا ب کریگی