ایوانِ بالا پسماندہ علاقوں کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے کے لئے کوشاں ہے،محمد صادق سنجرانی


اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ایوان بالا تمام صوبوں کو برابر نمائندگی فراہم کرتا ہے،ایوانِ بالا پسماندہ علاقوں کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے کے لئے کوشاں ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ا ن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ خیبر پختونخوا کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے صوبے کے ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے سلسلے میں رابطہ کاری کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

چیئرمین سینیٹ نے صوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے حوالے سے ایوان بالا کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ ایوان بالا ایک ایسا فورم ہے جو تمام صوبوں کو برابر نمائندگی فراہم کرتا ہے۔ ایوانِ بالا پسماندہ علاقوں کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے کے لئے کوشاں ہے۔چیئرمین سینیٹ نے گورنر کو سینیٹ کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے انتظامات پر بھی آگاہ کیا۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ گولڈن جوبلی کو سادہ اور پروقار طریقے سے منایا جائے۔ سینیٹ کی گولڈن جوبلی ایک تاریخی موقع ہے اور یہ ہمیں قومی یکجہتی کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔

گورنر خیبر پختونخوا نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے معاونت اور رابطہ کاری پر زور دیا۔ حاجی غلام علی نے کہا کہ وفاق کے تعاون سے صوبہ بھر بالخصوص ضم اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

دریں اثنا چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ضلع چاغی کے نوجوانان اور عمائدین کے وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان اور بالخصوص ضلع چاغی کے مسائل اور ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے نوجوانوں کو ہنرمندی اور پیشہ وارانہ تعلیم پرتوجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور انھیں تمام تر صلاحیتوں کو تخلیقی سرگرمیوں پر مرکوز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کی مجموعی معاشی اور سماجی ترقی میں بھر پور کردار ادا کیا جا سکے۔

انھوں نے کہا کہ ہیومن کیپٹل کی بدولت قوموں نے ترقی کی ہے اور آج ہمیں اسکی اشد ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ترقی اور اہداف کے حصول میں ہنر مند افراد کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں اور انکی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے کئی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گوادر بندرگاہ صوبہ بلوچستان کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ وفد نے چاغی میں مقامی آبادی کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی اور چیئرمین سینیٹ نے انہیں یقین دلایا کہ مسائل کے حل کے لئے متعلقہ فورمز سے رابطہ کیا جائیگا۔

مزید برآں چیئرمین سینیٹ نے وفد کو سینیٹ کی گولڈن جوبلی اور چھوٹے صوبوں کو درپیش مسائل کے حل میں پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔شرکا نے بلوچستان کی ترقی اور اس کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ صوبوں کو درپیش مسائل حل کرنے اور اپنے شہریوں کو ترقی و خوشحالی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ وفد نے چیئرمین سینیٹ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لئے چیئرمین سینیٹ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔