خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات، 2ہزار 32امیدوار بلامقابلہ منتخب


پشاور(صباح نیوز) خیبر پختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں 2 ہزار 32 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئے۔

الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں جنرل نشستوں پر217امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں جبکہ خواتین نشستوں پر876امیدوار بلامقابلہ لیڈی کونسلر منتخب ہوئیں۔

کسان نشستوں پر 285امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے جبکہ یوتھ نشستوں پر 500اور اقلیتی نشستوں پر 154امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔اسی طرح پشاور سے جنرل نشستوں پر 62اور خواتین نشستوں پر 145امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئی ہیں جبکہ کسان نشستوں پر 105اور اقلیتی نشستوں پر 45 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے 17اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور 19دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہو گا۔خیبر پختونخوا کے جن اضلاع میں انتخابات ہو رہے ہیں ان میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ہری پور، بونیر اور باجوڑ شامل ہیں۔