نئی دہلی(صباح نیوز) معروف اماراتی سوشل میڈیا انفلوئنسر خالد العامری دنیا کی سب سے پست قامت خاتون جیوتی امگے سے ملنے بھارت پہنچ گئے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے خالد العامری نے بتایا کہ وہ دنیا کی پست قد خاتون جیوتی امگے کے ساتھ ایک دن گزارنے کے لئے بھارت کے شہر ناگپور پہنچ گئے۔
خالد العامری کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیوتی امگے کس طرح اپنی زندگی گزارتی ہیں اور روز مرہ کے امور کس طرح انجام دیتی ہیں۔
ویڈیو میں جیوتی نے چھوٹے قد کی وجہ سے پیش آنے والے مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ انہیں شاپنگ میں بہت مشکل ہوتی ہے کیونکہ انہیں 1 سے 2 برس کے بچیوں کے کپڑے آتے ہیں۔
واضح رہے کہ جیوتی امگے دنیا کی سب سے چھوٹے قد کی خاتون ہیں ان کا قد 2 فٹ ہے جبکہ وزن 5 کلو ہے۔ بھارتی شہر نا گ پور میں جنم لینے والی جیوتی کو اٹھارہ سال کی عمر میں دنیا کی سب سے پست قامت خا تون ہونے کا اعزاز ملا۔ جیوتی اپنے مختصر ترین قد کے با وجو د ایک بھر پور زندگی گزار رہی ہیں اور انہیں بالی ووڈ فلموں میں اداکاری کی پیشکش بھی ہو چکی ہے۔