لاہور (صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار پروگرام کے تحت چھٹی الخدمت یوتھ گیدرنگ کی افتتاحی تقریب الخدمت کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل شاہد اقبال،نیشنل ڈائریکٹر مواخات پروگرام میاں بابر حمید،جنرل مینجر ماس میڈیا عمیر ادریس، انچارج الخدمت رضاکار پروگرام صنان اکبر اورمختلف یوتھ سوسائیٹیز کے ممبران اورالخدمت یوتھ ایمبیسڈرز نے شرکت کی۔شاہد اقبال نے دیگر ذمہ داران کے ہمراہ فیتا کاٹ کر چھٹی الخدمت یوتھ گیدرنگ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر صنان اکبر نے ملٹی میڈیا پریزنٹیشن کے ذریعے شرکاء کو یوتھ گیدرنگ کے ایجنڈے اوراس میں انھیں ان کی ذمہ داریوں کے حوالے سے بتایا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد اقبال نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے وولنٹیرمینجمنٹ پروگرام کے تحت چھٹی یوتھ گیدرنگ 18 دسمبرکو ایوانِ اقبال میں ہوگی۔ہر سال کی طرح اس سال بھی یہ یوتھ گیدرنگ مختلف سیشنز پر مشتمل ہوگی جس میں مختلف یونیورسٹیوں کے سربراہان،طلبہ وطالبات،نامور موٹیویشنل اسپیکرز،معروف سیاسی و سماجی شخصیات اورمیڈیا پرسنزسمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔
اس کے علاوہ ملک بھر سے ایسی شخصیات جنھوں نے خدمت کے شعبہ میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں ان کو بھی خصوصی طور پر پروگرام میں مدعو کیا گیا ہے۔اس یوتھ گیدرنگ کا مقصد طلبہ و طالبات کو وولنٹیر ازم کی اہمیت اورضرورت سے آگاہ کرنا ہے اور یہ بتانا ہے کہ وہ بحیثیت طالبعلم کیسے انسانیت کی خدمت کرسکتے ہیں