پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور سعودی عرب متعدد علاقائی اور عالمی امور پر ہم آہنگی رکھتے ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں برادر ملک اس سے استفادہ کریں، گوادراور سی پیک منصوبہ جات خطے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور علاقائی ترقی بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کا اعادہ جبکہ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور معاشی تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، مختلف بین الاقوامی فورمز پر برادر ملک سعودی عرب کاپاکستان کے موقف کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں موجودہ تعاون کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ عالم اسلام میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار اور علاقائی سلامتی و استحکام کے فروغ کیلئے کاوشوں کو سراہتے ہیں، سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان اور سعودی عرب متعدد علاقائی اور عالمی امور پر ہم آہنگی رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں سٹرٹیجک اور وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجو د ہیں برادر ملک اس سے استفادہ کریں، گوادراور سی پیک منصوبہ جات خطے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، گوادرنہ صرف پاکستان بلکہ خطے کیلئے معاشی حب ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم20 لاکھ سے زائد پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستانی عوام خادمین حرمین شریفین کی اچھی صحت اور درازی عمر کے لئے دعاگو ہیں۔ اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اور تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے خواہاں ہیں