ترکیہ میں زلزلہ متاثرین سے لوٹ مار اور فراڈ کرنے والے48 افراد گرفتار


انقرہ (صباح نیوز)ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں جب کہ انتظامیہ نے متاثرین سے لوٹ مار  اور فراڈ کرنے والے 48 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ترک وزارت انصاف کے مطابق گرفتار افراد پر زلزلہ متاثرین سے لوٹ مار اور فراڈ کرنے کا الزام ہے۔

دوسری جانب ترک وزارت انصاف نے ناقص تعمیرات میں ملوث افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

خیال رہے کہ ترکیہ میں زلزلے سے اموات کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کرگئی ، زلزلے سے ترکیہ میں 6 ہزار عمارتیں تباہ ہوئی ہیں، جس کے بعد عمارتوں کی ناقص تعمیرات پر حکومت کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔زلزلے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں،

ریسکیو ورکز نے ریسکیو آپریشن کے دوران  زلزلے کے چھٹے روز ملبے سے دو ماہ کا بچہ نکال لیا جبکہ 70 سال کی خاتون اور 6 ماہ کی حاملہ خاتون کو بھی نکال لیا گیا۔

ترکیہ میں 24 ہزار617 اور شام میں 3 ہزار 574 افراد جان سے جا چکے ہیں۔

عالمی ادراہ صحت نے کہا کہ دونوں ملکوں میں 2 کروڑ 60 لاکھ افراد متاثر ہوئے جبکہ انہوں نے متاثرین کیلئے 4 کروڑ 28 لاکھ ڈالر کی فوری امداد کی اپیل بھی کی ہے۔