43 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے فیصلے کو معطل کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری

لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے 43 ارکان قومی اسمبلی کی رکنیت ڈی نوٹیفائی کرنے کے فیصلے کو معطل کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ لاہور ہائی کورٹ نے 43 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے خلاف دائر درخواست کا چارصفحات پرمشتمل تحریری حکم نامہ جسٹس شاہد کریم نے جاری کردیا۔

عدالتی  حکمنامے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن7 مارچ تک معطل رہے گا اور اسی کے تناظر میں ضمنی الیکشن بھی معطل رہے گا۔تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کے جاری کردہ 25 جنوری کے نوٹی فکیشن کو معطل کرتی ہے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن ان نشستوں پر انتخابات کا اعلان نہیں کرے گا، درخواست پر مزید سماعت 7 مارچ کو ہوگی ۔