لاہور (صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور نے قرآن انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے تعاون سے فری میڈیکل کیمپ لگایا ۔سینکڑوں خواتین اور بچوں نے طبی معائنہ کروایا۔ اس موقع پر مریضوں کو مفت ادویات بھی دی گئیں جبکہ بعض مریضوں کو مزید تشخیص کے لئے ہسپتال ریفر کیا گیا ۔ لاہور کے پسماندہ علاقہ شاد باغ میں لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ میں سینئر ڈاکٹرز جن میں جنرل فزیشن،گائنی اور جگر معدہ سمیت دیگر امراض کے ماہر ڈاکٹر شامل تھے نے شرکت کی۔
اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہورمیڈیکل پروگرام منیجرکرن مبشر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت اور تعلیم کا حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے لیکن پاکستان کی کثیر آبادی آج بھی ان بنیادی حقوق اور سہولتوں سے محروم ہے۔علاج معالجہ اور ادویات اسقدر مہنگی ہو چکی ہیں کہ غریب عوام کی دسترس میں نہیں رہیں۔ان حالات میں الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ کی جانب سے پسماندہ آبادیوں میں فری میڈیکل کیمپوں کا انعقاد غریب عوام کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن زندگی کے ہر شعبہ میں سماجی خدمات ادا کر رہا ہے جسے عوام میں بہت پذیرائی حاصل ہے۔مریضوں اور ان کے لواحقین نے بھی الخدمت کی ان کاوشوں کی تحسین کی ۔