نومبر میں 2 جبری گمشدہ افراد کی لاشیں برآمدہوئیں،لاپتہ افراد کمیشن


اسلام آباد(عابدعلی آرائیں) جبری گمشدہ کیے گئے پاکستانی شہریوں کی بازیابی کیلئے قائم کمیشن کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ نومبر میں 2 لاپتہ افراد کی لاشیں برآمدہوئی ہیں ۔

اس وقت ملک بھر سے 2232 جبری گمشدہ افراد کی درخواستیں کمیشن کے سامنے زیرسماعت ہیں ۔گزشتہ دس سال کے دوران کمیشن کے پاس 8279لاپتہ افراد کی درخواستیں آئیں جس میں سے 6047 درخواستیں نمٹا دی گئی ہیں جس کے بعد کمیشن کے پاس زیر التواء 2232 درخواستیں باقی ہیں ۔

اس ادارے کو دستیاب دستاویزات کے مطابق گزشتہ ماہ نومبر میں کمیشن کو جبری گمشدگی کی 88 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ کمیشن نے 123 درخواستیں نمٹائی ہیں۔ دستاویزات کے مطابق کمیشن نے 92 افراد کو ٹریس کرلیا ہے۔

جن میں سے 83 ا فراد خود گھروں کو لوٹ آئے 5جبری گمشدہ افراد کی حراستی مراکز میں موجودگی کا پتہ چلایا گیا اور 2 افراد جیلوں میں قید ہیں، دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ31مقدمات درخواست گزاروں کے ایڈریس نامکمل ہونے کی وجہ سے نمٹا دئیے گئے۔

دستاویزات کے مطابق کمیشن نے نومبر 2021 میں کل 589 سماعتیں کی ہیں جن میں سے اسلام آباد میں 244 سماعتیں  ، لاہور میں 33، کراچی میں 168 اورکوئٹہ میں 153 سماعتیں کی گئیں۔ یاد رہے کہ جسٹس(ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں کمیشن مارچ2011 کوقائم کیا گیا تھا جو 10 سال  9 ماہ سے کام کررہا ہے۔