لاہور (صباح نیوز)الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کے زیر اہتمام 25 مستحق خاندانوں میں شادی باکس تقسیم کرنے کے لئے ایک پروقارتقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مستقبل قریب میں رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے والی بچیوں اور ان کی مائوں نے شرکت کی ۔
اس موقع پربچیوں کے لئے رشتہ ازدواج کے حوالے سے خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔آخر میں ایجو کیشن پروگرام مینیجر سمیرا چھاپرا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شادی ایک پاکیزہ بندھن ہے ۔موجودہ دور میں غریب والدین کے لئے اپنی بیٹیوں کے ہاتھ پیلے کرنا کسی معرکہ سے کم نہیں ہے۔مہنگائی نے غریب عوام کی زندگی دوبھر کر رکھی ہے ان حالات میں الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور ان والدین کے لئے تازہ ہوا کا ایک جھونکا ہے۔اللہ تعالی ان بچیوں کے نصیب اچھے فرمائے۔
انہوں نے مزیدکہا کہ اگر چہ اس وقت وطن عزیز کو سیلاب متاثرین کی بحالی کا بھی چیلنج درپیش ہے اور الخدمت فائونڈیشن اس میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے تاہم خدمت خلق کے دیگر شعبوں میں بھی کام ہو رہا ہے جن میں تعلیم،صحت عامہ ،راشن وغیرہ شامل ہیں۔شادی باکس میں ڈنر سیٹ،بستر، دولہا و دلہن کے کپڑے،جیولری سیٹ،اور کچن ایٹمز کے علاوہ روز مرہ استعمال کی دیگر اشیا شامل ہیں ۔