تین سال میں تبدیلی نہیں تباہی آئی، ہرچیز بربادی کی داستان سنارہی ، مصطفی کمال


کراچی(صباح نیوز) پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی ) کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ تین سال میں تبدیلی نہیں تباہی آئی، ہرچیز بربادی کی داستان سنارہی ہے،آج شاہد خاقان عباسی کے دور سے زیادہ مہنگی ایل این جی لی جا رہی ہے ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ تین سال میں تبدیلی نہیں تباہی آئی، مہنگائی اور بے روز گاری میں مسلسل اضافہ ہوا، ملک میں ہر چیز بربادی کی داستان سنا رہی ہے، گورنر سٹیٹ بینک کہتے ہیں ڈالر مہنگا ہونے سے اوورسیز کو فائدہ ہوتا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت تبدیلی کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آئی تھی، مگر پی ٹی آئی کے اقتدار میں آنے کے بعد تبدیلی نہیں تباہی آگئی، ایسا لگتا ہے پاکستان کے عوام حکومت کی جاگیر ہیں، رکشہ ڈرائیور کو ایف 16 چلانے کو دے دیا جائے تو وہ نہ چلا پائے گا بلکہ اسے تباہ کر دے گا۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی پر مہنگی ایل این جی لینے کے الزامات لگتے تھے، آج شاہد خاقان عباسی کے دور سے زیادہ مہنگی ایل این جی لی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ میں 13 سال سے حکمرانی ہے، وزیراعلیٰ سندھ مظاہروں کی قیادت کر رہے ہیں، پیپلزپارٹی کو سیاسی غازی نہیں بننے دیں گے، سندھ حکومت نے 13 سال میں ایک قطرہ صاف پانی کا نہیں دیا، کورونا وبا کے دوران پیپلزپارٹی حکومت نے شہر میں کاروبار تباہ کر دیا۔