کوہاٹ، تاندہ ڈیم میں کشتی الٹ گئی، مدرسے کے 10طلباء جاں بحق، 18 کو بچالیا گیا


کوہاٹ/پشاور(صباح نیوز)کوہاٹ کے تاندہ ڈیم میں کشتی الٹنے سے مدرسے کے 10طلبا جاں بحق جبکہ 18 کو بچالیا گیا۔

ریسکیو کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق کشتی الٹنے سے تمام طلبا ڈوب گئے جن کی تعداد 30 تک بتائی جاتی ہے، مدرسے کے طلبا پکنک کے لیے تاندہ ڈیم آئے تھے۔

حکام نے بتایا کہ اب تک 18 طلبا کو نکال لیا گیا ہے جن میں 10 طلبا جاں بحق ہوگئے جبکہ 8 اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

نگراں وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ڈوبنے والے افراد کو بحفاظت نکالنے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلی نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ڈوبنے والے افراد نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

محمد اعظم خان نے کہا کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ریسکیو کارروائیوں کی خود نگرانی کریں۔