سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاج ہوگا۔قیصر شریف

لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاج ہوگا۔ احتجاج کی کال امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے دی ہے۔

منصورہ سے جاری بیان میں قیصر شریف نے کہا کہ ملک کے مختلف شہروں میں مظاہر ے اور ریلیاں نکالی جائیں گی جن میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن میں ہونے والے واقعہ پوری امت مسلمہ کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے۔

انہوں نے کہا یورپ اور امریکہ سمیت دنیا کے دیگر علاقوں میں شعائر اسلامی، نبی آخرالزمانۖ اور قرآن پاک کی توہین معمول کے واقعات ہوگئے ہیں جن کے خلاف دنیا بھر کے مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔ او آئی سی، اقوام متحدہ اور مسلم دنیا کے حکمران ان واقعات کی روک تھام کے لیے فوری ایکشن لیں اور عالمی سطح پر ایسا قانون بنا یا جائے جس سے اسلام اور دیگر مذاہب کے خلاف کسی کو ہرزہ سرائی کی جرأت نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں اسلام کی بے حرمتی امت کو ہرگزقبول نہیں۔ اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف مسلمانوں کا ردعمل فطری ہے، امت کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا نماز جمعہ کے بعد ہونے والے مظاہروں سے جماعت اسلامی کے قائدین خطاب کریں گے۔