کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کر دیا ہے، آنسہ اشفاق

 راولپنڈی(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی ناظمہ ضلع آنسہ اشفاق نے کہا ہے کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کوبھاری مینڈیٹ دے کر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے اور جماعت اسلامی شہر قائد کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آ ئی ہے مگر افسوس کہ صوبائی  حکومتی عناصر اس حقیقت کو تسلیم نہیں کر رہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی سیٹیں جن کے فارم گیارہ پریزائیدنگ آفیسر کے دستخط کے ساتھ ہمارے پاس موجود ہیں ان کو بھی پی۔پی کے کھاتے میں ڈال کر اسے اکثریت ظاہر کیاگیا ہے۔اس بدترین ڈکیتی کے خلاف امیر جماعت کی ہدایت پر پورے ملک میں جگہ جگہ کارکنان سراپا احتجاج ہیں،

آنسہ اشفاق کا کہنا تھا کہ کراچی کے حقوق تو ہمیشہ ہی غصب کئے گئے مگر اس بار تو ان کے ووٹس پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔پیپلزپارٹی نے ہمیشہ دھاندلی کی سیاست کی ہے،اندرون سندھ تو ان کی اجارہ داری اعت قبضہ ہے مگر کراچی کے باشعور عوام نے جرات مندانہ فیصلہ کر کے شہر کے حقیقی وارثوں کو منتخب کیا ہے مگر یہ لوگ حکومتی مشنری استعمال کر کے نتائج تبدیل کر رہے ہیں،

عمومی دھاندلی تو اپنی جگہ  یہاں تو سر عام جیتے ہوئے کو ہارنے والا اور ہارنے والے کو جیتا ہوا بتایا گیا ہے۔اس ظلم کے خلاف جماعت اسلامی ڈٹ کر کھڑی ہے اور اپنے مینڈیٹ کو واپس لینے کے لئے ہم ممکن جائز قانونی طریقے اپنا رہی ہے۔اس بار ظالموں کا سامنا اہل حق و استقامت سے ہوا ہے جو اپنا حق لینا جانتے ہیں۔۔