کرک(صباح نیوز) وائس چانسلر خوشحال خان خٹک یو نیورسٹی کرک پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی اور پیراپلیجک سنٹر پشاور کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹرسید محمدالیاس نے منگل کے روز یونیورسٹی میں ایک مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کیے جس کے تحت دو طرفہ تعان فراہم کیا جائے گا ۔
اس ضمن میں یو نیورسٹی کی جانب جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مفاہمتی یاداشت خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے اوریک ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹرانور خان نے پیراپلیجک سینٹر پشاور کی باہمی مشاورت سے تیارکی تھی۔ اس یاد داشت کے تحت دونوں ادارے مختلف امور میں ایک دوسرے کے ساتھ ملکر کام کریں گے اور یونیورسٹی طلبا کو پیراپلیجک سنٹر پشاور انٹرن شپ اور تربیت کے مواقع فراہم کریگا ۔
وائس چانسلر ڈاکٹر جوہر علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کی کوشش ہے کہ مختلف اداروں کے ساتھ ملکر یونیورسٹی کے تدریسی امور میں بہتری لائی جائے۔ انہوں نے اوریک ڈائریکٹوریٹ اور دیگر شعبوں کو ہدایت کی کہ ایسے مواقع سے بھر پور استفادہ کیا جائے ۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر پیراپلیجک سنٹر پشاورڈاکٹر سید محمد الیاس نے بتایا کہ انکا ادارہ لوگوں کو مکمل جسمانی بحالی کی مفت سہولیات فراہم کر رہا ہے اور پولیو سے متاثرہ بچوں کیلئے بھی خدمات فراہم کر ر ہا ہے۔ انہوں نے اس مفاہمتی یاد داشت پر رضا مندی ظاہر کرنے پر یو نیورسٹی انتظامیہ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔