پنجاب میں خناق اور خسرے سے34 بچوں کی ہلاکتوں کا انکشاف

لاہور(صباح نیوز)محکمہ صحت پنجاب نے خناق اور خسرے سے ہلاکتوں کی رپورٹ جاری کردی جس میں پنجاب میں خناق اور خسرے سے34 بچوں کے جاں بحق ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 25 سے 31 دسمبرکے دوران خسرے سے 25 اورخناق سے 9 بچے زندگی کی بازی ہارگئے،

پنجاب میں خسرے کے ایک ہزار 932 کیسز سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاہور میں 395 اورراولپنڈی میں 334 بچے خسرے سے متاثر ہوئے جبکہ صوبے سے خناق کے 121 کیسز سامنے آئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق خناق کے کیسز فیصل آباد، جھنگ، رحیم یار خان اور راولپنڈی میں رپورٹ ہوئے،

خسرے کے تصدیق شدہ کیسز میں سے 32 فیصد بچوں نے خسرے ویکسین کی کوئی خوراک نہیں لی ۔کنفرم خسرے کے کیسز میں 16 فیصد نے خسرے کی ایک ویکسین لی ہے۔خسرے کے کنفرم کیسز لاہور، راولپنڈی، شیخوپورہ، اٹک،قصور، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،اوکاڑہ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔