رحیم یار خان، بخار سے 12 افراد کی ہلاکت کے بعد مزید 9 متاثر


رحیم یار خان (صباح نیوز)رحیم یار خان میں بخار سے ایک ہی خاندان کے 12 افراد کی اموات کے بعد اب متاثرہ علاقے کے مزید 9 افراد کو شیخ زاید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اسپتال کے ایم ایس آغا توحید کے مطابق مریضوں میں 6 خواتین سمیت 9 افراد شامل ہیں۔ آغا توحید کا کہناہے کہ عالمی ادارہ صحت کی ٹیم موت کی وجہ جاننے کے لیے متاثرہ علاقے میں پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقے میں مزید افراد کے نمونے حاصل کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں نواحی گائوں میں ایک ہی خاندان کے 12 افراد کی ہلاکت کے معاملے پر محکمہ صحت نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 15 دنوں کے اندر پراسرار بیماری کا شکار ہو کر میاں بیوی اور جڑواں بہنوں سمیت ایک ہی خاندان کے 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔