آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کے کنگ عبداللہ کیمپس کی افتتاحی تقریب ملتوی

مظفرآباد(صباح نیوز) آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کے کنگ عبداللہ کیمپس کی افتتاحی تقریب جو مورخہ 28دسمبربروز بدھ ہونی تھی بعض غیرملکی مہمانوں کی آمد میں تاخیر کے باعث ملتوی کردی گئی ہے۔جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق تقریب کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

سعودی عرب کے تعاون سے دس ارب روپے سے زیادہ لاگت سے تعمیر کیے گئے عظیم الشان کنگ عبداللہ کیمپس کی افتتاحی تقریب میں صدر ریاست اور جامعہ کشمیر کے چانسلر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر اور بعض غیرملکی مہمانوں نے شریک ہونا تھا۔کنگ عبداللہ کیمپس کی تعمیر کے لیے مالی معاونت کی منظوری 2005کے زلزلے کے بعد اس وقت کے خادم الحرمین الشریفین اور سعودی فرمانرواکنگ عبداللہ بن عبدالعزیزنے دی تھی۔2005کے زلزلہ میں آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کا مین کیمپس مکمل طور پر زمین بوس ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں نہ صرف 100سے زیادہ طلبا اور 6اساتذہ کی شہادت ہوئی تھی۔

کنگ عبداللہ کیمپس کی تعمیر سے جامعہ کشمیر میں بنیادی ڈھانچے کے دستیابی کے مسائل بڑی حد تک حل ہوگئے ہیں۔اس وقت کنگ عبداللہ کیمپس میں یونیورسٹی کے بیشتر شعبہ جات اوربعض انتظامی دفاتر منتقل ہوچکے ہیں۔اس کیمپس میں 6000سے زیادہ طلبہ کی درس و تدریس کی سہولیات کے علاوہ گرلز،بوائزاور فیکلٹی ممبران کے لیے علیحدہ علیحدہ ہاسٹلز،وسیع پارکنگ،کھیلوں کی سہولیات،ایک بڑی لائبریری،آڈیٹوریم، مسجد،سائنس اور کمپیوٹر لیبارٹریز بھی دستیاب ہیں۔