پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی سیاست ملک کے لیے دشمن کے ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہے،سراج الحق


مردان(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی سیاست ملک کے لیے دشمن کے ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہے۔پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم ایک سکے کے دو رخ ہیں دونوں عالمی استعمار کے ایجنٹ ہیں، ان نا اہل افراد کا ٹولہ ملک پر مسلط ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے عوام کو غلام بنایا، غریب ،غریب تر اور امیر، امیر تر ہوتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے میری قوم کے منہ سے نوالہ چھینا،بچوں کو تعلیم سے محروم کیا۔موجودہ،سابقہ حکمرانوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار فرمودات سے بے وفائی کی اور ملک کے اسلامی نظریے،آئین،جغرافیے کے ساتھ غداری کی ہے یہ وہ پاکستان نہیں جو 1947 میں محمد علی جناح کی ولولہ انگیز لازوال جدو جہد کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر معرض و جود میں آیا تھا بد قسمتی کے ساتھ جتنے بھی حکمران آئے ملک بد حالی کی طرف گیا،سب آزمائے جا چکے اب صرف جماعت اسلامی حقیقی معنوں میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ ووٹ کی طاقت سے فرسودہ نظام سے نجات حاصل کر کے اسلام کا بہترین نظام لائیں گے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر راشد نسیم،صوبہ خیبرپختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابرہیم اور ضلعی امیر غلام رسول نے بھی خطاب کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں ان لوگوں کے پاس عوام کے مسائل کا کوئی حل نہیں یہ عوام کے لیے ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہیں۔پاکستان کی قوم نے مارشل لاء کو بھی دیکھا روٹی کپڑا مکان والوں کی حکمرانی بھی دیکھی،تبدیلی کا مزہ بھی چکھ لیا لیکن انکے مسائل حل نہیں ہوئے۔قوم کے مسائل کا حل صرف اور صرف اسلامی نظام میں ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم،پیپلزپارٹی ہو یا پی ٹی آئی یا سابق فوجی حکومتیں سب نے دو قومی نظریہ سے انحراف کرتے ہوئے ایسٹ انڈیا کمپنی کے ایجنڈؤں اور تاج برطانیہ کی غلامی کاطرہ امتیاز کو تقویت پہنچائی ہے۔آج ہمارا ملک نظریاتی،جغرافیائی،سیاسی،معاشی،سماجی،تعلیمی،اقتصادی محاذ پر ناکامی سے دو چار انہی انگریز کے کاسہ لیس سٹیٹس کو کے محافظوں کی وجہ سے ہے۔ اسی نام نہاد جمہوریت کے علمبردار ہونے کا دعوی کرنے والے حکمرانوں نے اپنے اقتدار کو ناجائز طریقے سے حاصل کرنے کے لیے ملک کو دو لخت کر دیا لیکن پھر بھی اس ملک کے خیر خواہ ہونے کا دعوی کرتے ہوئے انہیں شرم تک محسوس نہیں ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج بھی قوم کی گردن پر مسلط حکمران کرپشن،قرضوں کی معافی قومی و سائل کو لوٹنے میں ایک دوسرے سے سبقت حاصل کرنے میں لگے ہوئے ہیں، ملک کو اخلاقی،معاشی،اقتصادی،سیاسی تباہی میں مبتلا کرنے والوں کو قوم اچھی طرح پہچان چکی ہے۔

انہوں نے کہا جماعت اسلامی اس ملک کے عوام کے حقوق کی ترجمان ان کے مسائل کے حل کے لیے توانا آواز ہے ہم اس ملک میں قرآن و سنت کے نظام کا نفاذ کر کہ اس کو اسلامی و خوشحالی بنائیں گے۔ سودی معیشت کا خاتمہ،یکساں حقوق کا نفاذ کر کے عوام کو ان کی حقیقی خوشیاں دیں گے قوم اب جماعت اسلامی کا ساتھ دے اورآئندہ انتخابات میں ترازو پر مہر لگا کر جماعت اسلامی کو کامیابی سے ہمکنار کرے ہم نوجوانوں کو روزگار،ان کے لیے تعلیمی و بے روزگاری الاؤنس،زرعی زمینیں الاٹ کریں گے،بیواؤں،یتیموں،بوڑھوں کو بڑھاپا الاؤنس،بے جا ٹیکس کاخاتمہ زکوة و عشرکا نظام نافذ کریں گے