اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا انتہائی قابل قدر اثاثہ ہیں، ان کی فلاح و بہبود اور حقوق کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے عالمی معیار کی حامل رہائشی سہولتیں تعمیر کرنے کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام نے اس حوالے سے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، معاون خصوصی طارق باجوہ، سابق ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجم عقیل، چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن(ر) محمد عثمان یونس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بین الاقوامی معیار کی رہائشی سہولتیں فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے وفاقی دارالحکومت میں جدید سہولیات سے آراستہ ہاسنگ یونٹس تعمیر کئے جائیں۔ اس ضمن میں عالمی شہرت کی حامل تعمیراتی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ان ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلدمکمل کیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا انتہائی قابل قدر اثاثہ ہیں۔ ان کی فلاح و بہبود اور حقوق کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔۔۔