خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ موخر کردیا گیا ہے، وزیراعلیٰ محمود خان

پشاور(صباح نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیراعلی محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ موخر کردیا گیا ہے اور پنجاب اسمبلی کی صورت حال واضح ہونے کے بعد پارٹی قیادت کی ہدایت پر عمل کروں گا۔

حیات آباد سپورٹس کمپلکس پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف  نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ موخر کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے پنجاب اسمبلی کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ وزیر اعلی محمود خان کا کہنا تھا کہ ابھی پنجاب اسمبلی کے معاملے پر غور جاری ہے، پارٹی قیادت اور عمران خان پنجاب اسمبلی کا فیصلہ کریں گے اور اس کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل پر بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جب خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل پر بات ہوگی تو فیصلہ ہوگا۔

وزیراعلی کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کے ساتھ رابطہ میں ہوں لیکن ابھی تک عمران خان نے مجھے اسمبلی تحلیل سے متعلق کوئی ہدایت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ آج عمران خان سے رابطہ ہوگا مگر پہلے پنجاب اسمبلی کے معاملات دیکھے جائیں گے۔ اس سے قبل وزیراعلی کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل عمران خان کے حکم کے مطابق ہو گی۔ خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جمعے کو دونوں اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کیا تھا۔

عمران خان کے اعلان کے بعد مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی  سمیت پنجاب کی اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعلی چوہدری پرویز الہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی اور ساتھ گورنر پنجاب نے بھی وزیراعلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے اجلاس طلب کیا تھا۔اپوزیشن کے اقدامات کے بعد پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا ۔