امریکا کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں، مختلف شعبوں میں آگے بڑھ سکتے ہیں، بلاول بھٹو


واشنگٹن(صباح نیوز) وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ امریکا مل کرکام کرنے کے خواہاں ہیں اور دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینا چاہتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے،پاکستان کومختلف چیلنجز درپیش ہیں ، موسمیاتی تبدیلی کے بدترین اثرات کا سامنا کیا، موسمیاتی چیلنج سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری سے مل کرکام کرینگے۔

واشنگٹن میں اٹلانٹک کونسل سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ امریکا کے ساتھ مختلف معاملات پر رابطہ رہتا ہے جبکہ پاکستان اور امریکا مختلف شعبوں میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد خارجہ پالیسی کو اہمیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن اوراستحکام کیلئے امریکاکی کوششیں قابل تحسین ہیں جبکہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ معاشی مفادات جڑے ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی بڑی تعداد میں امریکا میں کاروبار کررہی ہے، زراعت، صحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے مواقع موجودہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پچھلے کچھ عرصے سے پاکستان کومختلف بحرانوں کاسامنا ہے ،پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کے بدترین اثرات کا سامنا کیا، موسمیاتی چیلنج سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری سے مل کرکام کرینگے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کاایک تہائی حصہ اس وقت زیرآب ہے، جون سے ستمبر تک پاکستان میں ریکارڈبارشیں ہوئیں ، حالیہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی جس سے 33 ملین افرادسیلاب سے متاثر ہوئے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمیں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے مسائل کو حل کرنا ہے لہذا سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے، ہم نے سیلاب سے ہونے والی تباہی سے نمٹنا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آئندہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی پرکام کررہے ہیں کیونکہ کورونا کے باعث معیشت کونقصان پہنچا۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ افغانستان کی صورتحال اوریوکرین جنگ نے دنیا کی معیشت کو متاثر کیا ہے تاہم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے واضح کردیا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہوا جبکہ دہشت گردی کے باعث ہزاروں سیکیورٹی اہلکار اور شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں۔