گجرات،کالا شاہ کاکو ،دھند کے باعث حادثات، 5 افراد جاں بحق،متعدد زخمی


گجرات(صباح نیوز) گجرات اور کالا شاہ کاکو میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ گجرات کے علاقے سبزی منڈی کے قریب پیش آیا جہاں دھند کے سبب ٹرک اور رکشے میں تصادم ہو گیا۔

ریسکیو کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا، حادثے میں 5افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے گجرات سبزی منڈی کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان اوروزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے رکشے اور ٹرک کے تصادم میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے ہمدردی کا بھی اظہار کیا ہے،

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ذمہ دار ڈرائیور کیخلاف قانونی کارروائی کاحکم دے دیا۔دوسری جانب گہری دھند کے باعث کالاشاہ کاکوکے قریب ٹریفک حادثہ ہوا جس کے نتیجے میں6گاڑیاں ٹکراگئیں ، متعدد افرادزخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ، حادثے میں گاڑیوں کوبھی شدید نقصان پہنچا ۔