وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی توانائی کا اجلاس، گیس ڈویلپمنٹ اسکیمز کے انفراسٹرکچر کو مکمل کرنے کی منظوری

اسلام آباد(صباح نیوز)کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے 2013 سے 2018 کے دوران شروع کی گئی گیس ڈویلپمنٹ اسکیمز کے انفراسٹرکچر/ تعمیراتی کام مکمل کرنے کی منظوری دے دی،وزیراعظم محمد شہباز شریف  نے کہا کہ   اسلام آباد میں سرکاری عمارات کی سولرآئیزیشن کے لیے پلان جلد از جلد پیش کیا جائے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا ایک اہم  اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر،  وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ، مشیر وزیر اعظم احد چیمہ، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم، وزیر مملکت برائے خزانہ،  معاون خصوصی وزیراعظم برائے خزانہ اور اعلیٰ سرکاری افسران شریک ہوئے۔

وزیراعظم کو  ملک بھر  میں گیس ڈویلپمنٹ  اسکیمز  کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے 2013 سے 2018 کے دوران شروع کی گئی گیس ڈویلپمنٹ اسکیمز کے انفراسٹرکچر/ تعمیراتی کام مکمل کرنے کی منظوری دے دی۔  اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ  اسلام آباد میں سرکاری عمارات کی سولرآئیزیشن کے لیے پلان جلد از جلد پیش کیا جائے۔